ماسکو: روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، اس کا مکمل انحصار واشنگٹن پر ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق الجزائر کے دورے کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ نہ بھولیں کہ وہ یورپی یونین فوجی رہنما نہیں بلکہ ایک اعلیٰ سفارت کار ہیں، روسی وزیرخارجہ نے جوزپ بوریل کے روسی اثاثوں کو یوکرین کے حوالے کرنے کے خیال کو چوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تجویز چوری ہے جسے وہ چھپانے کی کوشش بھی نہیں کررہے۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے تجویز دی تھی یورپی یونین کی جانب سے منجمد کیے گئے روسی اثاثوں کو یوکرین کے حوالے کردیا جائے۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ لگتا ہے بہت جلد یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار کا عہدہ ختم ہوجائے گا, کیونکہ یورپ کی اپنی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے، وہ امریکہ کی طرف سے مسلط کردہ طریقوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتی ہے۔
دورے کے دوران روسی وزیرخارجہ نے الجزائر کے صدر عبدالمجید اور وزیرخارجہ رامتان لاممرا سے ملاقاتیں کی ہیں, جس کے دوران مختلف امور پر تبادل خیال کیا گیا۔