کراچی : فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وزیراعظم کی ہدایت پر سیلز ٹیکس چوری کے خلاف مشروبات بنانے والے یونٹ میں کارروائی کی۔
اس حوالے سے ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے عملے نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں مشروبات کے مینوفیکچرنگ یونٹ پر چھاپہ مار کر سیلز ٹیکس چوری پکڑلی۔
ذرائع کے مطابق یونٹ مالک نے کئی سالوں سے سیلز ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے تھے، یونٹ سے کروڑوں مالیت کے مشروبات کی بوتلیں اور مشینری برآمد کرلی گئی۔
چھاپے کے دوران مختلف مشروبات کی57ہزاربوتلیں برآمد کی گئیں اس کے علاوہ دو گوداموں میں کارروائی کے دوران ڈھائی لاکھ خالی بوتلیں بھی ملی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یونٹ سے سندھ، بلوچستان اور ملتان تک مال سپلائی کیا جاتا ہے، یونٹ میں غیر رجسٹرڈ برانڈز بڑے پیمانے تیار کیے جارہے تھے۔
بوتلوں پر مشہور برانڈز سے مشابہت رکھنے والے نام کے اسٹیکرز چسپاں ہیں، علاوہ ازیں غیرقانونی سپلائی چین سے منسلک ڈسٹری بیوٹرز، ایریا سیلز منیجرز کی فہرست بھی برآمد کی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں : معروف فیشن برانڈ کی 10کروڑ کی ٹیکس چوری پکڑی گئی
یاد رہے کہ کراچی میں ایک اور کارروائی میں ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس ٹو کے عملے نے سائٹ ایریا میں فیکٹری پر چھاپہ مار کر معروف گارمنٹس آؤٹ لیٹ کی10کروڑ کی سلیز ٹیکس چوری پکڑلی۔
حکام کے مطابق گارمنٹس آؤٹ لیٹ نے یو اے ای اور امریکا میں بھی کاروبار کی آمدنی ظاہر نہیں کی تھی جبکہ آمدنی کو غیر قانونی بینک اکاؤنٹس، شیل کمپنیوں میں منتقل کیا گیا تھا۔