جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

سلمان خان کے پرستار کو مذاق کرنا مہنگا پڑ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اپنے گھر پر فائرنگ کے بعد سے مسلسل خبروں میں ہیں اب ان کے ایک پرستار کو مذاق اتنا مہنگا پڑا کہ وہ سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق باندرہ پولیس نے سلمان خان کے گھر فائرنگ کرانے کے کیس میں مطلوب ملزم گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام سے بالی ووڈ سپر اسٹار کی رہائش گاہ سے ٹیکسی بک کروانے پر ایک 20 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے ملزم کی شناخت غازی آباد، اتر پردیش کے رہنے والے 20 سالہ نوجوان روہت تیاگی کے طور پر کی گئی ہے، جس نے لارنس بشنوئی کے نام پر اداکار سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ سے باندرہ پولیس اسٹیشن تک کیب بُک کرائی تھی۔

- Advertisement -

پولیس کے مطابق جب کیب ڈرائیور سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹ پہنچا اور وہاں موجود چوکیدار سے بکنگ کے بارے میں پوچھا تو چوکیدار پہلے تو حیران اور پریشان ہوا پھر اس نے فوری طور پر قریبی باندرہ پولیس اسٹیشن کو بکنگ کی اطلاع دی اور پولیس نے کیب ڈرائیور سے پوچھ گچھ کر کے آن لائن کیب بُک کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

پولیس نے کہا جس شخص نے کیب بک کی تھی وہ غازی آباد کا رہنے والا 20 سالہ طالب علم نکلا، جس نے مذاق کے طور پر گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر ٹیکسی بُک کروائی تھی۔

پولیس نے ملزم غازی آباد اتر پردیش سے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا اور ممبئی کی عدالت نے اسے مزید تفتیش کے لیے باندرہ پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

دوسری جانب ممبئی کرائم برانچ نے سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار دو ملزمان وکی گپنا اور ساگر پال کو کرائم برانچ کی تحویل میں دے دیا ہے۔

سلمان خان کے گھر فائرنگ کیس میں اب تک کی سب سے بڑی پیش رفت

واضح رہے کہ 14 اپریل کو ممبئی کے معروف علاقے باندرہ میں اداکار سلمان خان کی رہائشگاہ گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر موٹر سائیکل سوار دو افراد نے فائرنگ کی تھی جنہیں گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ پولیس اس کیس میں جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے بھائی کو مطلوب ملزم قرار دے چکی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں