کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پی ایس ایل فائنل میں کراچی کنگز کو فیورٹ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز دونوں کو فائنل کھیلنے پر مبارک باد دیتا ہوں، فائنل میں کراچی کنگز فیورٹ ہے اور لاہور قلندرز کے ساتھ مومنٹم ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر نے گزشتہ میچ میں اچھی بولنگ کی تھی، محمد عامر، عماد وسیم اور بابر اعظم آج اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فائنل میں شائقین کی کمی محسوس کی جائے گی، فائنل ہائی وولٹیج ہوگا، گراؤنڈ میں دیکھا جاتا تو زیادہ مزہ آتا۔
مزید پڑھیں: کراچی کنگز کے کھلاڑی تیار ہیں، یہ ایک بہترین فائنل ہوگا: وسیم اکرم
دوسری جانب قومی ٹیم کے وکٹ کیپر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ بڑے میچ کے لیے بڑے کھلاڑی بابر اعظم ہوسکتے ہیں، آج کوئی بھی جیتے مقابلہ زبردست ہوگا۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر بعد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں پہلی بار فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔
ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا، اس کے ساتھ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور اسپرٹ آف دی کرکٹ کے ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔