سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے ایام کے دوران زائرین کے لیے میڈیکل ایمرجنسی سینٹرز میں 24 گھنٹے کی بنیاد پر طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام کے اطراف اور مختلف مقامات پر مکہ مکرمہ میڈیکل سینٹر کے اشتراک سے ہنگامی طبی امدادی سینٹرز بنائے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک میں سعودی ہلال الاحمر کے یونٹس بھی مختلف جگہوں اپنی خدمات انجام دیں گے۔
مسجد الحرام کے مختلف اطراف میں 7 امدادی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ فوری اور ہنگامی امداد کے لیے ریپیڈ سروس یونٹس بھی موجود ہوں گے جوعمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے والوں کو فوری طبی امداد فراہم کریں گے۔
مسجد الحرام کے صحن مطاف کے جنوبی سمت میں باب السلام کے ساتھ ہی طبی سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے کسی بھی ہنگامی حالت میں طبی امداد فراہم کی جاسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق مختلف مقامات پر ہنگامی امدادی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ زائرین اور ماہ رمضان میں مسجد الحرام آنے والوں کو بہترطبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس سے قبل سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔ خواہش مند افراد پرمٹ کے حصول کے لئے ویب سائٹ پر درخواست اپ لوڈ کی جاسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں فلاحی تنظیموں اور انفرادی طور پر افطار دسترخوان لگانے کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کے لیے درخواستوں کی وصول کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رمضان المبارک کے دوران پرمٹ کے بغیر افطاری دسترخوان نہیں لگایا جاسکتا۔
افطاری دسترخوان لگانے والوں کو ادارہ امورحرمین نے ہدایت کی ہے کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق افطاری فراہم کریں۔ منظور شدہ کیٹرنگ سے افطاری تیار کرائی جائے روزہ داروں کو غیرمعیاری اشیا فراہم نہ کریں۔
پرمٹ کی درخواست میں جگہ کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے۔ افراد کو ایک جبکہ فلاحی تنظیم کو 10 دسترخوان لگانے کی اجازت ہوگی۔
سعودی عرب: رمضان المبارک میں بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری
افطاری ضوابط میں ہدایت کی گئی ہے کہ افطاری کے لیے فراہم کیا جانے والا کھانا معیار کے مطابق محکم انداز میں پیک کیا گیا ہو۔ ذیابیطس اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کے لیے مخصوص اشیا فراہم کی جائیں جو کم کیلوریز پر مشتمل ہوں۔