تازہ ترین

سعودی عرب میں کرفیو پاس حاصل کرنے کا طریقہ

ریاض : سعودی حکومت نے شہریوں کو آن لائن کرفیو پاس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ویب سائٹ کا اجراء کردیا ہے جس کے مطابق وہ مطلوبہ معلومات مہیا کرکے کرفیو پاس حاصل کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں کوروناوائرس سے بچاؤ کے پیش نظر مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، جدہ اور ریاض میں کرفیو نافذ کرکے لوگوں کے داخلے اور وہاں سے دیگر شہروں میں جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے سعودی محکمہ امن عامہ نے انٹرسٹی ٹریولنگ کے لیے آن لائن کرفیو پاس کی سہولت جاری کردی ہے۔ ویب سائٹ کا مقصد لوگوں کو مزید سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں سرکاری ادارے کے دفتر سے رجوع نہ کرنا پڑے اور وہ گھربیٹھے ہی معاملہ کرسکیں۔

امن عامہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویب سائٹ
https://tanaqul.ecloud.sa/login
پر لاگ ان کرنے کے بعد مطلوبہ معلومات جن میں نام ، شناختی کارڈ نمبر، غیر ملکیوں کے لیے اقامہ نمبراور موبائل نمبر فیڈ کیاجائے گا۔

درخواست میں اس بات کی بھی وضاحت ضروری ہے کہ ممنوعہ شہروں میں داخلے کے لیے کرفیو پاس کی ضرورت کیوں ہے، دسرخواست گزار کو ان مقاصد کے ساتھ دستاویزی ثبوت بھی درکار ہوگا جو طلب کرنے پر اپ لوڈ کیا جائے۔

ادارہ امن عامہ کی جانب سے درخواست پر غور کرنے کے بعد کرفیو پاس جاری کیا جائے گا اگر درخواست گزار کے لیے کرفیو پاس کا اجرا مناسب نہیں ہوگا تو درخواست کو رد کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں کرفیو کا مذاق اڑانے پر کیا ہوا؟

واضح رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے مکہ مکرمہ کے چھ علاقوں میں تاحکم ثانی پورے پورے دن کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے، جن علاقوں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے ان میں اجیاد، المصافی، المسفلہ، الحجون، النکاسہ اور حوش بکر شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کے احکامات کے مطابق مذکورہ علاقوں میں رہنے والے افراد دوسرے علاقوں میں نہیں جاسکتے۔

Comments

- Advertisement -