ریاض: سعودی عرب میں دن کے وقت کھلے مقامات پر دھوپ میں ورکرز سے کام کروانے والے ٹھیکیدار کے خلاف حکام کی جانب سے سخت کارروائی کی گئی ہے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق لیبر آفس مکہ مکرمہ کے انسپکٹرز نے دن کے وقت کھلے مقامات پر دھوپ میں ورکرز سے کام کروانے والے ادارے کے خلاف کارروائی کی ہے۔
انسپکٹرز نے اس اطلاع پر کارروائی کی کہ الشرائع سیکٹر میں ایک ٹھیکے دار دوپہر کے وقت دھوپ میں مزدوروں سے کام لے رہا تھا، وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پابندی عائد کر رکھی ہے کہ دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جا سکتی۔
مکہ مکرمہ لیبر آفس کے انسپکٹرز کی ٹیم نے اطلاع ملتے ہی متعلقہ مقام کا دورہ کیا اور واضح پابندی کی خلاف ورزی پر ٹھیکے دار کے خلاف قانونی کارروائی کی۔
واضح رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی جانب سے اس وقت پابندی ہے کہ دوپہر 12 سے 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جا سکتی اور اس کا سلسلہ 15 جون سے شروع ہوچکا ہے۔