اسلام آباد: کرونا وائرس سے اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے پیش نظر سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) مارکیٹ کو سہارا دینے میدان میں آ گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے پیدا ہونے والی صورت حال اور اسٹاک مارکیٹ پر پڑنے والے اثرات کے تناظر میں فیوچر مارکیٹ میں حصص کی شارٹ سیلنگ کو اپ ٹک رول سے مشروط کر دیا گیا ہے۔
اسٹاک مارکیٹ کے تمام شراکت داروں کی مشاورت سے لیا گیا یہ فیصلہ مارکیٹ میں لیکوڈیٹی کو بحال رکھنے میں معاون ہوگا، اس حوالے سے ایس ای سی پی کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق فیوچر مارکیٹ کے 36 حصص میں شارٹ سیلنگ کو اپ لنک رول سے مشروط کیا گیا ہے۔
کرونا کا وار، پاکستان میں 2 اموات کی تصدیق، متاثرہ افراد کی تعداد 292 تک پہنچ گئی
میوچل فنڈ انڈسٹری کو سپورٹ دینے کے لیے قرض کی مدت کو 90 دن سے بڑھا کر 360 دن کر دیا گیا ہے، کمیشن نے مارکیٹ کے ٹی آر ای سی ہولڈرز کی کم از کم سرمائے کے عوض ڈیپازٹ کی شرائط کو بھی کم کر دیا ہے۔ ایس ای سی پی نے مارکیٹ میں نئے اکاؤنٹ کو کھولنے کے لیے KYC کی تصدیق کو مکمل کرنے کے لیے بھی سہولت فراہم کر دی ہے، جس سے نئے سرمایہ کاروں کے لیے کے وائی سی کا عمل 90 دن میں مکمل کیا جا سکے گا۔
ایس ای سی پی کا کہنا تھا کہ مارکیٹ کی صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، تمام متعلقہ اداروں، شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔