راولپنڈی: سکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 9 دسمبر سے جاری کارروائیوں میں کم از کم 43 دہشتگرد مارے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف آپریشنز کیے۔
12 اور 13 دسمبر کی رات لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جہاں 6 دہشتگرد مارے گئے۔ خیبر پختونخوا میں 9 دسمبر سے اب تک 18 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
بلوچستان میں 13 دسمبر کو سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں دو جھڑپیں ہوئیں، موسیٰ خیل اور پنجگور میں آپریشن کے دوران 10 دہشتگرد مارے گئے، صوبے میں 9 دسمبر سے اب تک آپریشنز میں 25 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان میں 2 مختلف کارروائیاں کی گئی تھیں جن میں 7 خارجی دہشتگرد ہلاک اور ایک جوان شہید ہوا تھا۔
فورسز نے میران شاہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارج ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تھے۔
اسپین وام میں دوسرے آپریشن کے دوران 3 خوارج مارے گئے تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک محمد امین بہاری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔
علاقے میں دیگر دہشتگردوں کی تلاش کیلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا تھا۔