کراچی: ملک کے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کیا گیا جدید سسٹم تاحال غیر فعال ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے 6 ایئر پورٹس پر جدید سیلف چیک اِن سسٹم نصب کیا گیا تھا، تاہم یہ جدید سیلف چیکنگ سسٹم 8 ماہ گزرنے کے باوجود فعال نہ ہو سکا۔
معلوم ہوا ہے کہ ایئر لائنز کی جانب سے جدید سیلف چیکنگ سسٹم پر اپنا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کیا جا سکا ہے، سافٹ ویئر انسٹال نہ ہونے کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ تمام ایئر لائنوں کو متعدد بار خطوط لکھے جا چکے ہیں کہ وہ اپنے سافٹ ویئر کو اپ گریڈ کر لیں، تاکہ جدید مشینوں کے نصب ہونے سے مسافر اپنا بورڈنگ پاس خود کار طریقے سے حاصل کرسکیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدید چیک ان سسٹم سے ہینڈ کیری بیگجز والے مسافروں کو سہولت میسر ہوگی، ایئر پورٹ پر چیک ان اور بورڈنگ سسٹم کو آپریٹ کرنے والی کنٹریکٹر کمپنی کو بھی وارننگ دی گئی ہے کہ فوری طور پر سسٹم کو فعال کرے۔
ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولت دستیاب
سی اے اے کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر 3، کراچی، پشاور، لاہور، ملتان اور فیصل آباد ایئر پورٹ پر دو دو جدید چیک ان سسٹم مشینیں نصب کی گئی ہیں، تمام ایئر لائنز کو بھی CUPPS سسٹم کو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، اور کہا گیا تھا کہ سسٹم کو ایئر لائن اپنے نیٹ ورک سے فوری منسلک کریں۔
خیال رہے کہ سی اے اے نے 15 سے زائد جدید مشینیں بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کی ہیں۔