جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

بیکری میں ڈکیتی کا سنسنی خیز منظر، کسٹمر گولیوں سے بچنے کے لیے زمین پر لیٹ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے سر سید میں مٹھائی کی ایک دکان میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران خاتون اور بچے سمیت کسٹمر کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں، گولیوں سے بچنے کے لیے کسٹمر زمین پر لیٹ گئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں سرسید کے علاقے میں مٹھائی کی دکان پر 3 ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں۔

ڈکیتی کے واقعے کے دوران گولیاں چلنے سے ایک ڈاکو زخمی ہو گیا تھا جسے پولیس نے حراست میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

اے آر وائی نیوز پر چلنے والی فوٹیجز کے مطابق 3 ڈکیت مٹھائی کی دکان میں داخل ہوئے، انھیں سیکورٹی گارڈز کی تعداد کے حوالے سے غلط فہمی ہوئی، ڈکیت سمجھے کہ دکان میں ایک ہی سیکورٹی گارڈ ہے، جس کی وجہ سے ان کا ڈکیتی کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

ایک ڈاکو اپنے ساتھی کو آواز دے کر سیکورٹی گارڈ کی موجودگی سے خبردار کر رہا ہے

دکان میں داخل ہونے کے بعد ایک ڈاکو نے سیکورٹی گارڈ کو پکڑ کر اس سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، اس دوران دوسرے ڈاکو نے چلا کر اسے خبردار کرنے کی کوشش کی کہ ایک سیکورٹی گارڈ ادھر بھی ہے، لیکن دیر ہو چکی تھی، پہلے سیکورٹی گارڈ نے موقع دیکھ کر ڈاکو پر فائر کر دیا۔

سیکورٹی گارڈ پستول نکال کر ڈاکوؤں پر فائرنگ کر رہا ہے جب کہ خاتون اپنے بچے کو کھینچ کر بچانے کی کوشش کر رہی ہے

فوٹیجز کے مطابق دوسری جانب سے دوسرے سیکورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ سے ڈاکو بھاگا تو دکان کے باہر زخمی حالت میں گر پڑا، جسے بعد ازاں پولیس نے حراست میں لیا، لیکن وہ علاج کے دوران دم توڑ گیا۔

واقعے کی 4 عدد فوٹیجز میں فائرنگ کے وقت دکان کے اندر اور باہر کے شیشوں پر گولیاں لگتے دیکھا جا سکتا ہے، دونوں کاؤنٹرز کے درمیان خاتون اور بچے سمیت کئی کسٹمرز زمین پر جان بچانے کے لیے لیٹ گئے، گولی چلتے ہی خاتون نے جان بچاتے وقت اپنے بچے کو بھی کھینچ کر نیچے بٹھایا۔

مٹھائی کی دکان سے باہر کا فوٹیج، جس میں ایک ڈاکو گولی لگنے کے بعد زمین پر گر رہا ہے

دکان سے باہر والی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ اسٹول پر بیٹھا ہوا ملازم گولی کی آواز سنتے ہی چونک اٹھا، وہ گھبرا کر اندر جانے لگا تو اسی وقت ڈاکو فائر کرتے ہوئے باہر نکلے، اور ان میں سے زخمی ڈاکو گر پڑا، جسے دیکھ کر ملازم اور بھی گھبرا گیا اور اندر چلا گیا۔

بعد ازاں، پولیس کو طلب کیا گیا، اہل کاروں نے آکر زخمی ڈاکو کو حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں