ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو ماہانہ فی کس 9 ہزار ریال دینے کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرمانرواں نے مملکت میں نجی اداروں کے ’سعودی ملازمین‘ کے لیے ماہانہ فی کس 9ہزارریال دینے کا اعلان کیا ہے۔ مذکورہ اعلان کروناوائرس کے تناظر میں نافذ کرفیو کے باعث سامنے آیا۔
حکومت نے 9 ارب ریال کا امدادی پیکیج مختص کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سعودی کارکنوں کو 3 ماہ تک سوشل سکیورٹی انشورنس کی جانب سے 9 ہزار ریال ماہانہ ادا کیے جائیں گے تاکہ انہیں معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دنیا بھر کی طرح سعودی عرب بھی کروناوائرس سے لڑرہا ہے جس کے پیش نظر نجی اور سرکاری کاروباری دفاتر بند ہیں، سعودی ملازمین کی معاشی مشکلات حل کرنے کے لیے حکومت نے ریال دینے کا اعلان کیا۔
سعودی حکام نے آن لائن ٹرازیکشن فیس معاف کردی
سعودی حکام نے کرونا کی موذی وبا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ملک بھر میں سرکاری و نجی ادارے بند کیے ہوئے ہیں اور ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جبکہ اکاؤنٹ ہولڈرز کو بھی آن لائن خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
حال ہی میں سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی (ساما) کی جانب سے صارفین کی سہولت کے لیے چھ ماہ تک آن لائن فیس معاف کی گئی، حکام کا یہ فیصلہ اقتصادی شعبوں پر منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے کیا گیا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 2039 ہوگئی ہے۔