اسلام آباد : مسلم لیگ ن نے آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ کے استعمال کے معاملے پر وزیراعظم کے خط پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے،تایم حتمی فیصلہ پارٹی قائد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ کے استعمال کے معاملے پر وزیراعظم کی جانب سے خط اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کوموصول ہوگیا ، ذرائع ن لیگ نے خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے خط میں الیکٹرانک ووٹنگ پرمشاورت کیلئے ن لیگ سے نام مانگے ہیں ، جس پر ن لیگ نے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ میں نام دینے کا حتمی فیصلہ پارٹی قائد کریں گے، فیصلے کے بعد شاہدخاقان،احسن اقبال اور رانا ثنااللہ کے نام بھجوائےجانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق لیگی رہنماؤں نے ای وی ایم پر بات چیت کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ای وی ایم پربات چیت میں الیکشن کمیشن کے لوگ بھی بیٹھیں ، الیکشن کمیشن کے لوگوں کی بھی ای وی ایم پر رائے لی جائے۔
اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعظم کے خط پر دیگراپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے ، ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ ای وی ایم سے متعلق وزیراعظم کے خط کا جواب مشاورت کے بعد ہوگا۔