کراچی: مسلم لیگ نون کی حکومت نے جاتے جاتے شوکت حسین کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا مستقل چیئرمین تعینات کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون کی حکومت کی اہم اداروں میں ایک کے بعد ایک تقرری جاری ہے، حکومت نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور رجسٹرار کمپنیز شوکت حسین کو ادارے کا چیئرمین تعینات کردیا گیا ہے، ان کی تقرری ایس ای سی پی ایکٹ انیس سو ستانوے کے سیکشن چھے کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
شوکت حسین کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، جس کے مطابق شوکت حسین کی تعیناتی پر فوری عمل درآمد ہوگا۔
مارچ میں شوکت حسین ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سے کمشنر ایس ای سی پی بنائے گئے تھے، شوکت حسین کو70روز میں کمشنر سے چیئرمین ایس ای سی پی بنادیا گیا۔
شوکت حسین انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پاکستان سے سند یافتہ ایس ای سی پی اور سکیورٹیز مارکیٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد عبوری حکومت ملک میں عام انتخابات منعقد کروائے گی ۔