کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے فشریز کے سابق چیئرمین نثار مورائی کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز کی تحویل میں موجود سابق چیئرمین فشریز، کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور رینجرز کی تحویل میں ان کا علاج معالجہ ممکن نہیں ہے۔
اسی سلسلے میں نثارمورائی کے اہلِ خانہ کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی جس میں انہیں اسپتال منتقل کرنے کی اجازت طلب کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا ڈاکٹر نثار مورائی نوے دن کی نظر بندی پر رینجرز کی تحویل میں ہیں جبکہ رینجرز کے پاس کینسر کے چیک اپ کے لیے سہولیات موجود نہیں ہے، درخواست کے ساتھ عدالت میں سابق چیئرمین فشریز کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی تھی۔
عدالت نے ملزم کی طبعی روپورٹ کو دیکھتے ہوئے نثار مورائی کو علاج کی اجازت دیتے ہوئے مذکورہ اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا جہاں اہل خانہ کے مطابق ان کا آپریشن ہونا ہے۔
عدالتی احکامات کے مطابق نثارمورائی کوعلاج کے بعد دوبارہ سب جیل منتقل کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سابق چیئرمین فشریز کو تحقیقاتی اجنسیوں نے سنگین الزامات کے تحت گزشتہ ماہ اسلام آباد سے اپنی تحویل میں لیا تھا۔
نثار مورائی پر الزام ہے کہ وہ فشریز سے 300 کے لگ بھگ گھوسٹ ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 35 کروڑ روپے ماہانہ لیتے رہے ہیں۔