راولپنڈی: تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی ضمانت منظوری کے بعد روبکار جاری کردیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شعیب اختر نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی رہائی کی روبکار جاری کردیے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج شہباز گل کی ضمانت بعداز گرفتاری منظور کی تھی۔
ادھر شہباز گل کی رہائی کے آرڈر ک ےبعد پی ٹی آئی کارکنان اڈیالہ جیل پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسلام آباد سے روبکار لے کر ٹیم کچھ دیر میں اڈیالہ جیل پہنچے گی جیل سپرنٹنڈٹ کو روبکار ملنے کے بعد شہباز گل کو رہا کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
بغاوت کے مقدمے میں شہباز گل کی ضمانت منظور ، رہا کرنے کا حکم
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے شہباز گل کی ضمانت کو جمہوریت کی فتح قرار دیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے لکھا کہ شہباز گل کی رہائی انصاف اور جمہوریت کی فتح ہے، پارٹی اور عمران خان کے لیے جس طرح شہباز ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے آج ان کی اس جرات پر پوری پارٹی کو فخر ہے۔
شہباز گل کی رہائ انصاف اور جمہوریت کی فتح ہے، پارٹی اور عمران خان کیلئے جس طرح شہباز ایک سیسہ پلائ دیوار کی طرح کھڑے رہے آج ان کی اس جرآت پر پوری پارٹی کو فخر ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 15, 2022
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے اشتعال انگیز بیانات پر مبنی تقریر اور اداروں کے خلاف بیانات پر شہباز گل کو9 اگست کو بنی گالا کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور ان پر غداری کی دفعات کے تحت تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیاتھا۔