اشتہار

خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی بیچنے سے بڑا کالا دھبہ کوئی لگا نہیں سکتا تھا: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان نے کہا ہے کہ خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی بیچنے سے بڑا کالا دھبہ کوئی لگا نہیں سکتا تھا، عمران اور حواریوں نے دوست ممالک کے خلاف بدزبانی کر کے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسایا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا ہے، دوست ممالک کے خلاف سابق حکمرانوں نے بد زبانی کی، عمران اور حواریوں نے کہا کہ چینی منصوبوں میں 45 فی صد کرپشن ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، اور 4 ہفتوں میں 2 ارب ڈالر دے دیے ہیں، چین نے اپنا دو ارب ڈالر کا سرکاری قرض بھی رول اوور کر دیا ہے۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے کہا آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط مان لی گئی ہیں، پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں، آئی ایم ایف کی آخری شرط پر بھی بات چیت جاری ہے، اس سلسلے میں برادر ممالک پاکستان کی بڑی مدد کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلا کیا، پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگا دی، سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کیے اور پھر خود ہی خلاف ورزی کر کے اس پروگرام کو معطل کر دیا، عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش کی، ان کے وزیر رنگے ہاتھوں سازش کرتے پکڑے گئے۔

وزیر اعظم نے ملک میں گندم کی بڑھتی ہوئی ہوش ربا قیمتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وافر اسٹاک میں گندم موجود ہے، گندم کی کوئی قلت نہیں ہے، پنجاب میں 10 کروڑ عوام تین تین تھیلے لیں گے، پنجاب، کے پی، اسلام آباد میں غریبوں کو مفت آٹا فراہم کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا گیا جو قابل مذمت ہے، ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق؟ فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر کاربند رہے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں