اسلام آباد: وزیراعظم نے بجلی چوری کیخلاف اقدامات اور اووربلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور زیر بحث آئے۔
اجلاس مین وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسمارٹ میٹر کی تنصیب کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلنگ کے نظام میں شفافیت لائی جاسکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوور بلنگ کسی طور قابل قبول نہیں، اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔
وزیراعظم نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا ہے ساتھ ہی انہوں نے بجلی تقسیم کارکمپنیوں کے سی ای اوز تعیناتی میں سست روی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈسکوز کے سی ای اوز کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ پر کی جائے، بھرتیوں کے عمل میں شفافیت پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔