ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

’چیئرمین PTI کو ہمیشہ کہا فوج سے بنا کر رکھیں‘؛ شیخ رشید منظرِ عام پر آگئے

اشتہار

حیرت انگیز

سابق وفاقی وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ہمیشہ کہا فوج سے بنا کر رکھیں، وہ ایک ضدی انسان ہیں۔

شیخ رشید کئی دن تک روپوش رہنے کے بعد منظرِ عام پر آگئے۔ انہوں نے نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ چلے پر گیا تھا کسی نے کوئی نقصان نہیں پہنچایا، خبریں لگتی رہتی ہیں اللہ نے چلے لگانے کا موقع دیا خوش اسلوبی سے گزرے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے دن سے اپنی افواج کے ساتھ ہوں، چیئرمین پی ٹی آئی کو ہمیشہ کہا فوج کے ساتھ بنا کر رکھنی چاہیے، مجھے خود کو فوج کا ترجمان کہنے پر فخر ہے۔

- Advertisement -

’آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہی ہماری غلطی تھی‘

شیخ رشید نے بتایا کہ تین لوگ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے فوج سے مذاکرات کر رہے تھے جبکہ میری بھی کوشش تھی اس میں اپنا حصہ ڈالوں، مذاکرات میں دو بار حصہ ڈالنے کی بات کی لیکن سابق وزیر اعطم نے روک دیا۔

سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو چھیڑنا ہی ہماری غلطی تھی، سیاستدان کو فوجی کا نام نہیں لینا چاہیے ہماری لڑائی ان سے بنتی ہی نہیں تھی۔

انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دوستوں کا خیال تھا اندر ہمارے لوگ موجود ہیں، وہ سمجھتے تھے اندر موجود لوگ ہماری مدد کریں گے، ان کو کہتا بھی تھا کہ یہ مروائیں گے ہمیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے لیکن وہ ایک ضدی انسان ہیں، فوج کا مسئلہ فوج کو حل کرنا چاہیے سیاستدانوں کو اس سے دور رہنا چاہیے۔

’9 مئی کے واقعات میں غیر سیاسی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا‘

شیخ رشید نے بتایا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی لیکن کسی نے سنی نہیں، واقعات کے دوران ملک سے باہر تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ان واقعات میں غیر سیاسی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ان واقعات کی منصوبہ بندی کی گئی، جن لوگوں نے یہ کم ظرفی کی ہے ان کو ایک مرتبہ معافی دلانے کی کوشش کروں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ فوج ان کو ایک مرتبہ معاف کر دے، عام لوگوں کو ایک مرتبہ معاف کر دیں اور اندر کے لوگوں کا خود حساب کریں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں