کراچی : سندھ رینجرز کے مطابق رواں سال ایک ہزار 467 آپریشنز میں ایک ہزار 951 ملزمان گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے 911 ہتھیار برآمد ہوئے.
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے کراچی میں آٹھ ماہ کے دوران کی گئی کارروائیوں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم سے متعلق اعداد وشمار جاری کردیے ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کی جانب جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رینجرز نے رواں سال میں اب تک مختلف مقامات پر ایک ہزار 467 سے زیادہ آپریشنز کیے ہیں جس کے دوران ایک ہزار 951 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں 247 دہشت گرد شامل ہیں جب کہ 359 ٹارگٹ کلرز ہیں جن کے قبضے سے مجموعی طور 911 ہتھیار اور ایک لاکھ 12 ہزار 740 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 2 مغوی شہریوں کو بھی بازیاب کروایا گیا ہے جنہیں تاوان کی غرض سے قید کر رکھا تھا، ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں 12 رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں جاری رینجرز آپریشن کے نتیجے میں امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہوگئی ہے اور شہریوں نے طویل عرصے بعد سکھ کا سانس لیا ہے۔