اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ امن معاہدے سے سپر پاور کا نشہ آور غرور ٹوٹ گیا ہے، بھارتی فوج بھی ذلت آمیز طریقے سے کشمیر سے نکلے گی۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا، طالبان امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، امن معاہدے سے سپر پاور کا نشنہ آور غرور ٹوٹ گیا ہے، آج افغانوں نے کامیابی کا تاج امت مسلمہ پر رکھا۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ افغانستان کی گلیاں امریکیوں کا قبرستان بن گئے، انشا اللہ بھارتی فوج بھی سرینگر کی گلیوں میں ناکام ہوگی، مسلمانوں کی فتح کا وعدہ اللہ کا ہے۔
یہ پڑھیں: افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تاریخ ساز امن معاہدے پر دستخط ہوگئے
سراج الحق نے افغان امن معاہدہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے مزید کہا کہ مذاکرات اور بات چیت سے ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فغانستان میں 19 سالہ خون ریزی کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان تاریخی امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: دوحہ میں امریکہ افغان طالبان امن مذاکرات کے اہم نکات سامنے آگئے
فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے جس پر امریکا کی جانب نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جب کہ افغان طالبان کی جانب سے ملا عبدالغنی برادر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو کا کہنا تھا آج امن کی فتح ہوئی ہے لیکن افغانوں کی اصل فتح تب ہوگی جب افغانستان میں امن و سلامتی ہوگی، امریکا اور طالبان دہائیوں کے بعد اپنےاختلافات ختم کررہے ہیں، تاریخی مذاکرات کی میزبانی پر امیر قطر کے شکر گزار ہیں۔