لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ اس حکومت کا آئی ایم ایف کی غلامی کے علاوہ کوئی پلان نہیں ہے۔
منصورہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا چند پیسوں کے عوض آئی ایم ایف کے ڈگر پر چلیں گے، آئندہ چار پانچ مہینوں میں لوگوں کیلیے سانس لینا مشکل ہو جائے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ اگر مہنگائی کا بوجھ مزید عوام پر ڈالا تو ہم مزاحمت کریں گے، ملک کی حالت بہتر کرنے کیلیے اشرفیا کو کٹہرے میں لائیں۔
متعلقہ: جو ممبر پارلیمنٹ کو جعلی سمجھتے ہیں وہ اپنی رکنیت چھوڑ دیں، سراج الحق
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا نظام ہونا چاہیے جس میں جہالت، کرپشن، مہنگائی نہ ہو اور جہاں عدالتوں میں انصاف ہو، پاکستان بننے کا مقصد دنیا کیلیے ماڈل بننا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان اب بھی کہہ رہے ہیں کہ حالات ٹھیک نہیں لہٰذا سخت فیصلے کرنا ہوں گے، ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والے ملک کی بربادی کے ذمہ دار ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی نے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کیا تھا اور اب بجلی مزید مہنگی کر دی۔