امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے بے حسی اور جارحیت کی تمام حدوں کو پار کردیا، امریکی کانگریس پر ان کے حملے کے بعد اب ٹرمپ کے ایک اور حامی کی نہایت افسوسناک حرکت سامنے آئی ہے جس میں ایک بے زبان جانور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے دریا میں ایک مینٹی (جسے سمندری گائے کہا جاتا ہے) دیکھی گئی ہے جس کی پشت پر ٹرمپ کا نام کھدا ہوا ہے۔
امریکی وفاقی اداروں نے اس مذموم حرکت کی تفتیش شروع کردی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس مینٹی کو سب سے پہلے فلوریڈا کے دریا میں موجود ایک کشتی کے کپتان نے دیکھا تھا، کپتان کا کہنا ہے کہ مینٹی کی پشت پر غیر معمولی نشانات نے انہیں متوجہ کیا جس کے بعد انہوں نے حکام کو اس کی اطلاع دی۔
تفتیش کے بعد علم ہوا کہ مینٹی کی پشت کی جلد پر ٹرمپ کا نام کھودا گیا تھا۔
ماہرین آبی حیات کے مطابق مینٹی کی پشت کی بیرونی جلد کائی جیسی ہوتی ہے اور ٹرمپ کا نام اسی پر کھودا گیا ہے۔ یقیناً اس عمل کے دوران یہ بے زبان جاندار نہایت تکلیف سے گزرا ہوگا۔
⚠️HELP FIND WHO MUTILATED A MANATEE: U.S. Fish and Wildlife Service is investigating who carved the word "Trump” on a Florida manatee. USFWS is looking for any information: cal Florida Fish and Wildlife Conservation hotline at 888-404-3922. https://t.co/FXQ2l3fYTj pic.twitter.com/jI9kL1BNe5
— Eric Feigl-Ding (@DrEricDing) January 11, 2021
وفاقی اداروں نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور ایسی مذموم حرکت کرنے والے کو تلاش کیا جارہا ہے، تفتیش میں امریکی آبی و جنگلی حیات سروس کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مینٹیز معدومی کے خطرے کا شکار جانداروں کی فہرست میں شامل ہیں اور ایسے جانوروں کو نقصان پہنچانا 50 ہزار ڈالر جرمانے اور ایک سال قید کا سبب بن سکتا ہے۔
ان کے مطابق اس واقعے میں ملوث افراد کو تلاش کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔