سئول: مارشل لا لگانے پر جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کو گرفتار نہ کیا جا سکا۔
تفصیلات کے مطابق وارنٹ گرفتاری پر عمل کی تاریخ گزر گئی، مارشل لا لگانے والے جنوبی کوریا کے صدر کو گرفتار نہ کیا جا سکا، دارالحکومت سئول میں ہزاروں افراد صدارتی محل کے باہر جمع ہیں۔
مظاہرین نے مواخذے کے شکار صدر کے خلاف برف باری کے باوجود ریلی نکالی، تاہم ان کی گرفتاری کے خلاف بھی مظاہرین کی ایک بڑی تعداد موجود رہی، ایک طرف ان کی گرفتاری کے حق میں اور دوسری طرف خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔
مظاہرین تفتیش کاروں سے صدر یون سک یول کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ قائم مقام صدر صدارتی سیکیورٹی سروس کو یون سک یول کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیں۔ مارشل لا لگانے پر عدالت نے یون سک یول کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
قدامت پسند صدر کا پارلیمنٹ نے مواخذہ کیا تھا اور انھیں سرکاری فرائض سے معطل کر دیا گیا تھا، اب عدالت نے فیصلہ کرنا ہے کہ انھیں بحال کرنا ہے یا ہٹانا ہے۔ جمعہ کو جب تفتیش کار عدالتی حکم پر انھیں گرفتار کرنے پہنچے تو صدارتی سیکیورٹی سروس اور فوجی دستوں نے 6 گھنٹوں تک انھیں روکے رکھا، اور یون سک یول کو گرفتار نہیں ہونے دیا۔
سئول میں اتوار کے روز بھاری برف باری ہو رہی ہے، اور اس موسم میں ہزاروں افراد یون سک کی گرفتاری کے حق میں اور اس کے خلاف ریلی میں شریک ہیں، جس سے نظر آ رہا ہے کہ جنوبی کوریا کا سیاسی بحران ایک اور زبردست تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔