کراچی : اسٹیٹ بینک آئندہ دو ماہ کے لئے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا ، شرح سود موجودہ سطح سات فیصد پر برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں پالیسی پر گفتگو ہوگی، جس کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک آج شام 5 بجے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کریں گے۔
ماہرین کے مطابق شرح سود میں کسی تبدیلی کی توقع نہیں اور شرح سود موجودہ سطح سات فیصد پر برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معیشت کے اعدادو شمار بہتر ہیں اور ساتھ ہی مہنگائی کی شرح رواں مالی سال کے ہدف سات سے نو فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے جبکہ کورونا وبا کے باعث کاروباری اور تجارتی شعبے کی سہولت کے لئے سستے قرضوں کی فراہمی بھی مرکزی بینک کی ترجیحات میں شامل ہےْ۔
تجزیہ کار مزمل اسلم کے مطابق اس وقت شرح سود سات فیصد پر موجود ہے، مارچ سے اب تک مرکزی بینک ڈسکائونٹ ریٹ میں چھ سو پچیس بیسز پوائنٹس کمی کر چکا ہے۔