کراچی : اسٹیٹ بینک نے بینک آف چائنا کو شیڈول بینک کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا دوسری جانب دو ماہ کے دوران پاکستان میں 45 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم کی بیرونی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔
بینک آف چائنہ جلد برانچیں کھولے گا
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک پاکستان نے بینک آف چائنا کو کمرشل بینکنگ کے بعد شیڈول بینک کا درجہ بھی دے دیا ہے جس کے بعد بینک آف چائنا جلد پاکستان کے تمام بڑے شہروں میں اپنی برانچیں قائم کرے گا۔
بیرونی سرمایہ کاری میں 155 فیصد اضافہ
دوسری جانب اسٹیٹ بینک پاکستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 155 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ 2 ماہ کے دوران پاکستان میں 45 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے جو کہ نہایت خوشگوار اضافہ ہے.
اضافہ سی پیک کی وجہ سے ہوا
ذرائع اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ سی پیک کی وجہ سے ہوا ہے جس کے تحت چین سے 2 ماہ میں 25 کروڑ 80لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئی ہے جب کہ امریکا سے 2 ماہ میں 20 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور ملائیشیا سے 2 ماہ میں 11 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئی.
پاک چین اقتصادی راہداری جوں جوں پایہ تکمیل کو پہنچ رہی ہے ویسے ویسے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اجافہ ہورہا ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی ظاہر کررہے ہیں.