تازہ ترین

انگلش فاسٹ بولر اسٹیون فِن نے انجری سے ہار مان لی، ریٹائرمنٹ کا اعلان

انگلش فاسٹ بولر اسٹیون فِن نے انجری سے ہار مان لی، ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق گھٹنے کی انجری انگلش فاسٹ بولر کا کیریئر کھا گئی، 34 سال کے اسٹیون فِن نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

18 سالہ کیریئر میں فِن نے بنگلا دیش کے خلاف 2010 میں بین الاقوامی ڈیبیو کرنے کے بعد 36 ٹیسٹ، 69 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کی نمائندگی کی، فِن کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ سے اپنے بدن سے مقابلہ کر رہا تھا لیکن اب ہار مان لی ہے۔

فِن گھٹنے کی انجری کی وجہ سے 2023 میں زیادہ تر کرکٹ سے باہر رہے جس کی وجہ سے انھوں نے آخر کار اپنے اٹھارہ سالہ کیرئیر کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ فِن نے اپنی کاؤنٹی سسیکس کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک بیان میں کہا ’’میں خود کو ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس کرتا ہوں کیوں کہ میں نے 2005 میں مڈلسیکس کے لیے ڈیبیو کرنے کے بعد سے کرکٹ کو بہ طور پیشہ کھیلا، اگرچہ یہ سفر ہمیشہ ہموار نہیں رہا، لیکن اس کے باوجود میں نے اسے پسند کیا۔‘‘

فِن نے ٹیسٹ میں 125، ون ڈے میں 102 اور T20 میں 27 وکٹیں حاصل کیں، سب زیادہ 14 وکٹیں انھوں نے 2010-11 کے مردوں کی ایشز میں حاصل کیں، اور 2015 کی ایشز میں انھوں نے 12 وکٹیں حاصل کیں۔

Comments

- Advertisement -