منیلا: فلپائن میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے جزیرے لیوزن میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلے کے جھٹکے جزیرے سے 400 کلو میٹر دور فلپائن کے دارالحکومت منیلا تک محسوس کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 43 منٹ پر آیا، جس کا مرکز ابرا صوبے کے قصبے ڈولورس سے تقریباً 13 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
رپورٹ کے مطابق جزیرہ لیوزن فلپائن کا سب سے گنجان آباد شہر ہے، زلزلے سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کھلی جگہوں پرنکل آئے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔