جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ، پاکستان اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی دو شکستوں اور بھارت کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہار نے قومی ٹیم کا سیمی فائنل تک کا سفر مشکل ترین بنا چکا ہے تاہم اگر مگر کی صورتحال اب بھی برقرار ہے۔

پاکستان نے گزشتہ روز نیدر لینڈ کو شکست دے کر نہ صرف ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی بلکہ سیمی فائنل مرحلے میں جانے کی امیدوں کو بھی روشن رکھا تاہم اس میچ کے چند گھنٹے بعد ہی بھارت کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد یہ امکانات انتہائی مدہم ضرور ہوگئے ہیں تاہم ناممکن نہیں، کرکٹ میں جیسا کہ کہا جاتا کہ کوئی چیز ناممکن نہیں تو یہاں بھی اگر امگر کا کھیل ابھی بھی باقی ہے۔

پاکستان نے اگر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنی ہے تو سب سے پہلے اسے اپنے اگلے دونوں میچز بھاری مارجن سے جیتنے ہوں گے لیکن یہی کافی نہیں ہوگا بلکہ گروپ ٹو کی دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج اپنے حق میں کرنے کے لیے دعائیں بھی کرنا ہوں گی۔

- Advertisement -

اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ تین میں سے دو میچز جیت کر 5 پوائنٹ کے ساتھ پہلے، بھارت تین میں سے دو میچز جیت کر چار پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، بنگلہ دیش نے بھی تین میں سے دو میچز جیت رکھے ہیں تاہم رن ریٹ کے باعث وہ پوائنٹ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے، زمبابوے چوتھے، پاکستان پانچویں اور نیدر لینڈ چھٹے نمبر پر موجود ہے اور تمام ٹیموں کے ابھی دو دو میچز باقی ہیں۔

پاکستانی اسکواڈ جو سپر 12 مرحلے کے اپنے بقیہ دو میچز کھیلنے کے لیے پرتھ سے سڈنی روانہ ہوگیا ہے جہاں وہ جمعرات کو سخت حریف جنوبی افریقہ کے مدمقابل ہوگا جب کہ آخری میچ بنگلہ دیش سے ہوگا۔

پاکستان کے ان دو میچز کے علاوہ گروپ ٹو میں جنوبی افریقہ اور نیدر لینڈ کا میچ بھی پاکستان کے لیے اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ اس میچ میں پروٹیز کی فتح قومی ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔

قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی کیلیے روایتی حریف بھارت کی زمبابوے اور بنگلہ دیش سے ہارنے کی دعائیں کرنا ہوں گی صرف یہی نہیں بلکہ حسب منشا مذکورہ بالا میچوں کے نتائج حاصل ہو بھی گئے تو بھی زمبابوے کو نیدر لینڈ کو پچھاڑنا ہوگا یوں پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کی راہ ہموار ہوگی۔

اگر یہ سب ایسے ہی ہوا جیسا کہ بیان کیا گیا ہے تو پھر پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ سات پوائنٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر آجائے گی اور اگر بھارت اپنے دونوں میچز ہار جاتا ہے تو پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں کے چھ چھ پوائنٹ ہو جائیں گے اور یہاں بات رن ریٹ پر آئے گی جس ٹیم کا بہتر رن ریٹ ہوگا وہی اس گروپ سے جنوبی افریقہ کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

اگر بھارت بنگلہ دیش کو شکست دے دیتا ہے لیکن زمبابوے سے ہار جاتا ہے تو پھر پاکستان اور بھارت چھ چھ پوائنٹ کے ساتھ برابر ہوں گے اور یہاں بھی رن ریٹ ان میں سے ایک ٹیم کی فائنل فور میں رسائی کا فیصلہ کرے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں