بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پولیس پہنچنے سے قبل طلال چوہدری اسپتال سے روانہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری بیان ریکارڈ کرنے کے لیے آنے والی پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی اسپتال سے روانہ ہو گئے، ذرایع کا کہنا ہے کہ طلال چوہدری کو اسپتال سے قریبی ساتھی نے فرار کرایا۔

تفصیلات کے مطابق طلال چوہدری کی جانب سے لیگی ایم این اے عائشہ رجب کو ہراساں کرنے کے معاملے میں پنجاب پولیس طلال چوہدری کا بیان ریکارڈ کرنے نیشنل اسپتال لاہور پہنچ گئی لیکن پولیس کے آنے سے پہلے طلال چوہدری اسپتال کا بل ادا کیے بغیر جلد بازی میں چلے گئے۔

طلال چوہدری اسپتال کے پچھلے دروازے سے روانہ ہوئے، ان کو اسپتال سے قریبی ساتھی نے فرار کرایا۔

ادھر اے ایس پی عبدالخالق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں، اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ ایک گھنٹہ پہلے طلال چوہدری کو ڈسچارج کیاجا چکا ہے۔

عائشہ رجب سے تنازع طلال چوہدری کو مہنگا پڑ گیا

ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری سے جلد رابطہ کر کے ان کا بیان ریکارڈ کیاجائے گا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اسپتال کی جانب سے انھیں ڈسچارج سلپ نہیں دکھائی گئی۔

یاد رہے کہ طلال چوہدری گزشتہ رات سے نیشنل اسپتال لاہور میں داخل ہیں، لیگی ایم این اے عائشہ رجب کے گھر پر گزشتہ روز ان پر خاتون کے بھائیوں نے تشدد کیا تھا جس کی وجہ انھیں فریکچر آئے تھے۔

آج اس کیس کے سلسلے میں پنجاب پولیس نے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی تھی، جس کے چیئرمین ڈی ایس پی عبدالخالق ہیں، اس کمیٹی نے عائشہ رجب اور طلال چوہدری کے بیانات قلم بند کرنے ہیں، اور پھر تین روز میں انکوائری رپورٹ پیش کرے گی۔

ادھر پولیس نے کہا ہے کہ گزشتہ روز طلال چوہدری رات 2 بجکر 40 منٹ پر عبداللہ گارڈن پہنچے تھے، کالونی گیٹ پر روکے جانے پر طلال کی گارڈ سے تلخ کلامی ہوئی، گارڈ نے کہا اہل خانہ سے بات کرائیں لیکن طلال زبردستی گئے، ڈرائیور بھی ان کے ہمراہ ھا لیکن گھر میں داخل ہوتے ہی مار پڑ گئی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ طلال نے پٹائی کے بعد گھر سے نکل کر گارڈز کو پکارا تھا، ان کی ایک سال سے اس گھر میں آمد و رفت تھی، طلال چوہدری ہمیشہ رات 12 بجے سے پہلے آتے تھے۔

قبل ازیں، ڈی ایس پی عبد الخالق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ عائشہ رجب اسلام آباد میں ہیں، اگر بیان لینے کے لیے جانا پڑا تو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلال فون کال پر عائشہ رجب کے گھر گئے تھے، اس کال کے بوگس ہونے سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں