کابل: یوکرین پر روسی حملے کے سلسلے میں افغان طالبان کا بیان سامنے آ گیا ہے، امارت اسلامیہ نے فریقین سے برادشت سے کام لینے کی اپیل کی ہے، اور کہا ہے کہ عام افغان شہریوں اور طلبہ کے تحفظ کا خیال رکھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق یوکرین کے مسئلے پر افغان وزارت خارجہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان یوکرین کی صورت حال کا قریب سے جائزہ لے رہی ہے اور ممکنہ عوامی نقصانات کے خدشات رکھتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ اس معاملے کے تمام فریقوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ برداشت سے کام لیں، ہر فریق کو چاہیے کہ ایسا مؤقف اختیار کرنے سے احتراز کرے جو جنگ کی مزید شدت کا باعث بنے۔
Statement concerning crisis in #Ukraine pic.twitter.com/Ck17sMrAWy
— Abdul Qahar Balkhi (@QaharBalkhi) February 25, 2022
امارت اسلامیہ نے اپنی غیر جانب دارانہ خارجہ پالیسی کے تحت ہر فریق سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طریقے سے حل کرے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان وزارت خارجہ جنگ کے اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کرتی ہے کہ عام افغان شہریوں اور طلبہ کے تحفظ کا خیال رکھا جائے۔