جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

ترکی کو کابل ایئر پورٹ پر فوجی رکھنے پر طالبان کی وارننگ

اشتہار

حیرت انگیز

کابل: افغان طالبان نے کابل ایئر پورٹ پر فوجی رکھنے پر ترکی کو وارننگ دے دی ہے، طالبان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے والے ملک کے ساتھ ایک قابض جیسا سلوک کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ترکی نے امریکا سے بات چیت کے بعد کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے افغانستان میں اپنے کچھ فوجی اہل کار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر طالبان نے ردِ عمل میں خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے والے کسی بھی ملک کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے گا جیسا ایک ’قابض‘ کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق نیٹو کے رکن ترکی کے افغانستان میں 500 سے زائد فوجی اہل کار موجود ہیں، جن میں سے کچھ سیکیورٹی فورسز کو تربیت دے رہے ہیں، جب کہ دیگر حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

- Advertisement -

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے عرب نیوز کو بتایا کہ ترکی گزشتہ 20 سال سے نیٹو کے ساتھ افغانستان میں رہ رہا ہے، اور اگر وہ اب بھی رہنا چاہتا ہے تو ہم بغیر کسی شک و شبے کے اسے ایک قابض تصور کریں گے اور اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔

افغانستان میں بڑھتی کشیدگی، حامد کرزئی نے بڑی پیش گوئی کردی

ترجمان نے کہا کہ طالبان ہمیشہ سے ترکی کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں رہا ہے، تاہم طالبان نے انقرہ کی جانب سے ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے پیش کی گئی تجویز کو مسترد کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا ترکی اور ہمارے درمیان بہت کچھ مشترک ہے اور وہ مسلمان ہیں لیکن اگر وہ مداخلت کریں گے اور اپنے فوجی رکھیں گے تو وہ ذمہ دار ہوں گے۔

یاد رہے کہ جمعے کو ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا تھا کہ انقرہ کا واشنگٹن کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت نیٹو کے انخلا کے بعد کابل ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کے لیے ترکی کے کچھ فوجی اہل کار افغانستان میں تعینات رہیں گے۔

خیال رہے کہ ایئر پورٹ کی سیکیورٹی عسکری اور سویلین پروازوں کے لیے بہت اہم ہوتی ہے اور اسے افغانستان میں سفارت کاروں اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے لیے ایک محفوظ گزرگاہ سمجھا جاتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں