کراچی : کورنگی میں فجر پڑھ کرآنے والے حافظ قرآن نوجوان کو ڈاکوؤں نے گولیاں مار کرقتل کر دیا، مقتول کی والدہ چیخ چیخ کر بیٹے کی موت کا انصاف مانگ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اورنوجوان کی جان لے لی کورنگی سیکٹر 51 سی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوا۔
ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے بتایا کہ فجرکے وقت 5 ڈاکو گھر میں واردات کیلئےگھسے تھے اور واردات کرکے فرار ہورہے تھے تو فجر کی نمازپڑھ کر آنے والے نوجوان نے دیکھ کر شورمچایا تو ڈاکوؤں نے نوجوان پر گولی چلائی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
کامران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان کی ہلاکت پر ایس ایچ او زمان ٹاؤن اورچوکی انچارج کو معطل کردیا گیا ہے اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
اہل علاقہ نے بتایا کہ 5سے6ملزمان گھر میں ڈکیتی کےلئے گھسے تھے ، اس دوران ملزمان نے 5لاکھ روپے ،5موبائل ،زیورات لوٹے، صرف پہننےکے کپڑے چھوڑےباقی سب سامان لے گئے، گھر کے برتن ،رضائیاں تک کپڑے میں باندھ کر لے گئے اور عقبی راستے سے گھرمیں گھسےاور فرار ہوئے۔
مقتول کی والدہ چیخ چیخ کرانصاف مانگتی رہی، بھائی کا کہنا ہے کہ مظفر فجرپڑھ کر آرہا تھا، ڈاکوؤں نے حافظ قرآن بھائی کو فائرنگ کرکے مار دیا۔
مقتول کے بھائی نے مطالبہ کیا کہ بھائی کے قاتلوں کو ہمارے سامنے سزادی جائے، وارداتیں بڑھ رہی ہیں لیکن پولیس کچھ نہیں کررہی۔