تھرپارکر : پاک فوج کی جانب سے تھر کے علاقے چھاچڑو میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ سے تین ہزارسے زائد شہریوں نے استفادہ کیا کیمپ میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کےجوانوں نے ریگستان میں پڑاؤ ڈال لیا، تھر کے عوام کیلئے پاک فوج کی امدادی وطبی سرگرمیاں جاری ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے سندھ کےصحرائی علاقے چھاچھرو کے عوام کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے ڈاکٹرز نے مریضوں کامعائنہ کیا، مریضوں کو پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سے مفت ادویات اورغذائی قلت کے شکار بچوں کو وٹامن کی ادویات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پرخواتین کی بڑی تعداد بھی طبی کیمپ میں آئی۔ کیمپ میں حاملہ خواتین کے لئے خصوصی لیکچرکا اہتمام بھی کیا گیا۔
کیمپ میں جدید لیبارٹری، الٹراساؤنڈ اور ایمبولینس کی سہولیات بھی موجود تھی، چھاچڑومیں میڈیکل کیمپ سےتین ہزارسے زائدمریضوں نے استفادہ کیا۔ رواں ماہ تھر کے مختلف ریگستانی علاقوں میں پاک فوج کے مزید چھ کیمپ لگائے جائیں گے۔