اسلام آباد: ملک میں کل سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، انسداد پولیو مہم میں 8 ہزار ہیلتھ ورکرز حصہ لیں گے۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں انسداد پولیو مہم کا از سر نو آغاز ہونے جا رہا ہے، 4ماہ کے وقفے کے بعد کل سے انسداد پولیومہم کا آغاز ہو گا۔ کرونا کے باعث 20 مارچ کو انسداد پولیو مہم معطل ہوئی تھی۔
کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد، اٹک اور جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیومہم چلے گی، انسداد پولیو مہم میں 8 ہزار ہیلتھ ورکرز حصہ لیں گے۔
این سی او سی کے مطابق اگست، ستمبر میں بڑے پیمانے پر انسداد پولیو مہم چلے گی، قومی انسداد پولیومہم کا تیسرا مرحلہ سال کی آخری سہ ماہی میں ہو گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ والدین انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
این سی او سی نے کہا کہ والدین انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں،گھر گھر مہم پولیو اور کرونا سے شعور اجاگر کرنےمیں مددگار ہوگی۔