اشتہار

رمضان المبارک میں پیش آنے والے وہ واقعات جن سے دنیا کا نقشہ بدل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

رمضان المبارک ہجری سال کا نواں مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں ایسے ایسے واقعات پیش آئے ہیں جنہوں نے دنیا کا نقشہ ہی تبدیل کرکے رکھ دیا۔

رمضان المبارک ہجری سال کا نواں مہینہ ہے اور اس مہینے کے روزے تمام مسلمانوں پر فرض ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس ماہ مبارک میں ایسے ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جنہوں نے دنیا کا نقشہ ہی تبدیل کرکے رکھ دیا۔ اگر نہیں جانتے تو ہم بتاتے ہیں کہ وہ عظیم واقعات کون سے ہیں۔

اسلام کی پہلی فتح ’’غزوہ بدر‘‘

- Advertisement -

اسلام کی پہلی ریاست مدینہ کو قائم ہوئے ابھی دوسرا سال تھا کہ کفار مکہ نے اس ریاست اور مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا ناپاک قصد کیا اور ایک ہزار سپاہیوں کا لشکر ابوجہل کی سربراہی میں حملے کے لیے نکلا۔ مسلمانوں کو کفار کے اس ارادے کا پتہ چلا تو 313 سپاہیوں پر مشتمل دستہ سالار اعظم حضور نبی کریم ﷺ کی قیادت میں رمضان المبارک 2 ہجری کو میدان بدر پہنچا جہاں اللہ کی تائید اور نصرت سے اپنے سے تین گنا بڑے دشمن کی کی فوج کو شکست سے دوچار کیا۔ اس عظیم فتح کا قرآن حکیم میں بھی ذکر موجود ہے۔

فتح مکہ

ایک وقت تھا کہ جب کفار مکہ کے ظلم وجور کا شکار مسلمانوں کے لیے مکہ کی زمین تنگ کر دی گئی تھی جس پر انہیں ہجرت کا حکم ملا۔ نبی آخر الزماں ﷺ نے بھی مدینۃ المنورہ ہجرت فرمائی اور وہاں پہلی اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی۔ فتح مکہ دنیا کی تاریخ کی وہ عظیم ترین فتح ہے جس میں بغیر خون بہائے مسلمانوں نے عظیم الشان فتح حاصل کی۔

20 رمضان المبارک سن 8 ہجری میں نبی کریم ﷺ کی جائے پیدائش مکہ ایسے فتح ہوا کہ مدینے سے ایک عظیم لشکر مجاہد اعظم ﷺ کی قیادت میں دوران رمضان المبارک نکلا اور 20 رمضان کو مکہ پہنچا۔ اسلامی لشکر کی ہیبت کفار مکہ پر ایسی طاری ہوئی کہ انہیں لشکر اسلام سے مقابلے کی ہمت نہ پڑی یو بغیر خون خرابے مسلمانوں کو وہ عظیم فتح ملی جس نے اسلام کے لیے پورے عرب کا دروازہ کھول دیا اور اسی فتح سے تقویت پاتے ہوئے خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت میں اسلامی ریاست کا جھنڈا 22 لاکھ مربع میل تک لہرایا۔

سندھ میں پہلی اسلامی ریاست

محمد بن قاسم امت مسلمہ کے قابل فخر فرزند تھے۔ انہوں نے سندھ کے سرکش ہنود کے خلاف جہاد کے ذریعے نہ صرف دیار ہند میں مسلمانوں کی عظمت کا سکہ بٹھا دیا۔ 10 رمضان المبارک 92 ہجری کو سندھ میں پہلی اسلامی ریاست کی بنیاد پڑی اور سندھ کو باب الاسلام ہونے کا فخر حاصل ہوا۔

اسپین کی فتح کا آغاز

اسپین کی فتح کا آغاز بھی رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں ہوا۔ یہ سن ہجری کا 93 واں سال تھا جب 12 ہزار مجاہدین نے طارق بن زیادہ کی قیادت میں ایک بڑی فوج کو شکست سے دوچار کیا۔

اسلام اور کفار کے درمیان یہ معرکہ 20 سے 28 رمضان المبارک تک لڑا گیا اور اسی معرکے میں دشمن فوج کا سپہ سالار کنگ روڈریک بھی مارا گیا۔ یہ آدھے یورپ کی فتح کی ابتدا تھی۔ اس یورپ کی جہاں مسلمانوں نے 8 صدیوں تک شان سے حکومت کی۔

جنگ عین جالوت میں منگولوں کی شکست

جنگ عین جالوت بھی رمضان المبارک 658 ہجری میں لڑی گئی جب اس دور کی بڑی سلطنت منگول ایمپائر کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تاریخ کی بڑی سلطنتوں میں سے ایک منگول ایمپائر بھی تھی۔ جو ہلاکو خان کے زمانے تک آدھی دنیا کو تباہ کر چکی تھی۔ ثمر قند سے دمشق تک مسلم دنیا ان کی غلام بن چکی تھی۔ یہاں تک ان کے حوصلے بڑھے اور وہ مصر پر حملہ آور ہوئے۔ جہاں مملوکوں کی ایک چھوٹی سی ریاست قائم تھی۔

جنگ عین جالوت 3 ستمبر 1260 (658ھ) میں فلسطین کے مقام عین جالوت پر لڑی گئی جو مملوک افواج اور منگولوں کے درمیان تاریخ کی مشہور ترین جنگ مانی جاتی ہے جس میں مملوک شاہ سیف الدین قطز اور اس کے مشہور جرنیل رکن الدین بیبرس نے اس وقت دنیا کے بڑے حصے پر حاکم اور اپنے سے سینکڑوں گنا بڑی منگول ایمپائر کو بدترین شکست دی۔

اس شکست کے بعد منگول پھر کبھی نہیں سنبھل پائے اور آخرکار تمام ان کے زیر تسلط تمام مسلم علاقے آزاد ہوگئے۔ اس فتح کے نتیجے میں مصر، شام اور یورپ منگولوں کی تباہ کاریوں سے بچ گئے۔

تخلیق پاکستان

دور جدید میں رمضان المبارک میں جو عظیم واقعہ پیش آیا وہ مملکت خداد پاکستان کی تخلیق کا ہے جو انگریزوں اور ہندوؤں کیخلاف مسلمانوں کی طویل جدوجہد کے نتیجے میں 27 ویں رمضان المبارک میں جدید دور کی پہلی اسلامی ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر پاکستان کی شکل میں نمودار ہوئی۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں