کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آزمائش کی گھڑی میں عوامی خدمت کا جذبہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمنٹیرینز کے وفد نے ملاقات کی۔ پارلیمنٹیرینز نے وزیراعظم کو کرونامتاثرین کی مدد کے لیے رضا کارانہ خدمات پیش کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے پارلیمینٹیرینز کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں عوامی خدمت کا جذبہ وقت کی اہم ضرورت ہے،کرونا ریلیف ٹائیگر فورس میں لوگوں کی کی بھرپور شرکت حوصلہ افزا ہے۔
لاک ڈاؤن جاری رکھیں یا نہیں،14 اپریل کو فیصلہ ہوگا،وزیراعظم
واضح رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج ہم نے بہت بڑا ریلیف پروگرام شروع کیا ہے،پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا ہے،آج ہم ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو رقم پہنچا رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے جو غریب طبقہ متاثر ہوا اس کی سب سے پہلے مدد کی جائے، بلوچستان میں غریب طبقے کی تعداد زیادہ ہے اس لیے یہاں آیا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں غریب آدمی کی مشکلات کااحساس ہے، لاک ڈاؤن جاری رکھیں یا نہیں،14 اپریل کو فیصلہ ہوگا