کراچی: سندھ حکومت نے کوویڈ19کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں ٹیسٹ زیادہ کرنے کا فیصلہ کرلیا اور ٹیسٹنگ کا سلسلہ بھی تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں کرونا صورت حال اور مویشی منڈیوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت مفت ٹیسٹ کر رہی ہے اور ہم مزید کریں گے، کسی کو علامات ہوں تو کروناٹیسٹ ضرور کرائیں۔ وزیراعلیٰ نے وبا سے متعلق عوام کو موبائل فون پر پیغامات بھیجنے کی بھی ہدایت کردی۔
پاکستان میں کرونا سے اموات 5,386 ہو گئیں
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر میں مویشی منڈیوں کو کھولنے کا حکم دے دیا۔
مویشی منڈیوں میں بچوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ سندھ بھر میں مویشی منڈیاں ایس اوپیز کے تحت کھولی جائیں گی۔ مویشی منڈیوں کے منتظمین ایس اوپیز پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں سےمتعلق ایس اوپیز کا اجرا ہوگا، عوام مویشی منڈیوں میں جانے سے گریز کریں۔ مویشی منڈیوں میں کورونا ٹیسٹ کیلئےموبائل ٹیمزتعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موبائل ٹیمز مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کے کروناٹیسٹ کرے گی۔