اشتہار

اسلام آباد میں خودکش دھماکا کرنے والے کی شناخت ہوگئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد میں 23 دسمبر 2022 کو ہونے والے خودکش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

پولیس نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت میں خودکش دھماکا کرنے والے کی شناخت ہوگئی، حملہ آور کی شناخت موبائل سم سے ہوئی جو اسی کے نام پر تھی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ حملہ آور کا نام ثاقب الدین عمر 22 سال اور کرم ایجنسی کا رہائشی تھا، حملہ آور نے 22 دسمبر کو ضلع کرم سے صوابی کا سفر کیا، رات صوابی میں گزار کر وقوعہ کی صبح ہی اسلام آباد پہنچا تھا۔

- Advertisement -

پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور 10 سے 12 کلو گرام باردو سے بھری جیکٹ پہنے ہوئے تھا، حملہ آور کو راولپنڈی کے رہائشی شخص کی جانب سے مدد فراہم کی گئی تھی۔

27 دسمبر کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ اسلام آباد میں دہشت گرد حملے کے ملزمان جبکہ حملے کے ہینڈلرز کو گرفتار کرلیا، ہم نے 4 سے 5 لوگوں کو پکڑا ہے، یہ لوگ کرم ایجنسی سے چلے اور راولپنڈی میں ٹھہرے۔

رانا ثنا اللہ نے بتایا تھا کہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی تھی، حملے میں ٹیکسی ڈرائیور بے گناہ تھا اس کا کوئی قصور نہیں، ملزم کی جانب سے ٹیکسی کرائے پر لی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 23 دسمبر کو اسلام آباد کے علاقے آئی 10 میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔ شہید اہلکار کی شناخت عدیل حسنین کے نام سے ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق آئی 10 میں ناکے پر چیکنگ کے لیے مشکوک گاڑی کو روکا گیا تھا، ٹیکسی کے رکتے ہی دھماکا ہوا، خودکش حملہ آور کا جسم مکمل طور پر اڑ گیا جب کہ گاڑی میں بیٹھے دوسرے شخص کا آدھا جسم اڑا، خودکش بمبار کے جسمانی اعضا اور گاڑی کے پارٹس کو قبضے میں لے لیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں