بیجنگ: چین میں ایک سونے کی کان میں 8 دنوں سے زندگی اور موت کی جنگ لڑنے والے کان کنوں نے امدادی کارکنان کو اہم پیغام بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق مشرقی چین میں سونے کی ایک کان میں گزشتہ آٹھ دنوں سے پھنسے کان کنوں نے اپنے بچاؤ کے لیے اہم پیغام بھیجا ہے، پیغام نے لوگوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے تاہم اس پیغام سے کان کنوں کے زندہ ہونے کی امید بھی بحال ہو گئی ہے۔
دس جنوری کو چین کے صوبہ شانڈونگ کے شہر یانتائی میں ایک کان ہوشان میں دھماکا ہوا تھا جس سے کان کے داخلی راستے سے 600 میٹر نیچے 22 کان کن پھنس کر رہ گئے تھے۔ کان کنوں کو بچانے کے لیے کان کا داخلی راستہ پھر سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز ان کان کنوں نے اپنے پیغام میں لکھا ’ادویات بھیج دیں۔‘ اس نے امدادی کارکنوں سمیت دیگر لوگوں کو بھی امید دلا دی ہے، یہ پیغام کان کنوں کو کھانے کے پارسل نیچے اتارنے والی دھاتی تار کے ساتھ اوپر آیا تھا۔
پیر کو چین کی مقامی حکومت کا کہنا تھا کہ امدادی کارکنان کو اتوار کے دن ڈرلنگ کے دوران ’کھٹکھٹانے کی آوازیں‘ سنائی دیں۔ پھنسے ہوئے کان کنوں کی جانب سے ایک لکھا ہوا پیغام بھی اوپر بھیجا گیا جس میں انھوں نے بتایا کہ ان میں سے 12 ابھی تک زندہ ہیں۔
بد قسمت کان کنوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ انھیں بلڈ پریشر کی دواؤں اور مرہم پٹی کے سامان کی ضرورت ہے، تین لوگوں کو ہائی بلڈ پریشر ہے، 4 افراد زخمی بھی ہیں جن کی مرہم پٹی کرنی ہے۔
کان کنوں نے لکھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ امدادی کارکنان رکیں گے نہیں تاکہ ہمارے پاس امید ہو۔ہم تک پہنچنے کی کوشش مت روکیں۔
حکام نے کان میں پھنسنے والے دیگر 10 کان کنوں سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتایا ہے، امدادی کارروائیوں کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں چھ سو میٹر نیچے پھنسے کان کنوں کو ایک دھاتی تار کے ذریعے کھانے کے پارسل پہنچائے جا رہے ہیں۔