واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سیکرٹ سروس کے سربراہ رینڈ الف ایلس کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کردئیے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قائم مقام چیف آف اسٹاف مک ملوینی کو سیکرٹ سروس چیف رینڈ الف ایلس کی برخاستگی کے احکامات دئیے ہیں اور جیمز مرے کو ان کی جگہ نیا سربراہ نامزد کیا ہے۔
رینڈ الف کی برطرفی گزشتہ ماہ ہونے والے ایک واقعے کی وجہ سے ہوئی جس میں ایک چینی خاتون نے فلوریڈا میں ٹرمپ کے گالف کلب میں گھسنے کی کوشش کی تھی، خاتون سے متعدد چینی پاسپورٹس اور جدید ڈیوائسز ملی تھیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی سے اختلاف پر سیکریٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی کرسجن نیلسن نے استعفیٰ دیا تھا اور ٹرمپ نے کمشنر کسٹمز و سرحدی تحفظ کیون مک کو قائم مقام وزیر داخلہ مقرر کیا ہے۔
مزید پڑھیں: امیگریشن پالیسی پر اختلافات، امریکی وزیرداخلہ مستعفی ہوگئیں
خیال رہے کہ 7 اپریل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو بارڈر فورس کے افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی نظام میں اب غیرقانونی تارکین وطن کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔
میکسیکو سے آنے والے تارکین وطن کو مخاطب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ امریکا پر بوجھ نہ بنیں، امریکی قوانین اور نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائی جارہی ہے، تارکین وطن امریکا میں جرائم میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔
اس سے قبل بھی امریکی صدر نے کہا تھا کہ میکسیکو کی سرحد پر ہر صورت دیوار تعمیر کی جائے گی، دیوار کی فنڈنگ کے بغیر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔