نیو یارک: پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے آنے والی تباہ کاریوں کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دورہ پاکستان کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس جمعہ کو اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں سے وہ پاکستانی حکام کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا جائزہ بھی لیں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انسانی امداد کے سلسلے میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون کا بھی جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سیلاب، اقوام متحدہ نے 160 ملین ڈالر امداد کی اپیل کردی
قبل ازیں اقوام متحدہ کے رکن ممالک سے ہنگامی مدد طلب کرنے کے حوالے سے دفتر خارجہ میں تقریب منعقد ہوئی، جس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، عالمی برادری سیلاب متاثرین کیلیے 160 ملین ڈالر کی امداد کرے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا نشانہ آج پاکستان بنا ہے کل کوئی اور ملک بھی ہوسکتا ہے، یہاں کے فراخ دل لوگوں کو مصیبت میں دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے، اقوام متحدہ 52 لاکھ متاثر افراد کو خوراک اور دیگر ضروری اشیا فراہم کرے گا ۔