تازہ ترین

جو بائیڈن نے یوکرین کو کلسٹر بم فراہمی کی منظوری دے دی

واشنگٹن: بائیڈن انتظامیہ نے یوکرین کو کلسٹر بم فراہمی کی منظوری دے دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے یوکرین کو نئے فوجی پیکچ میں کلسٹر بم فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، بائیڈن انتظامیہ نے کلسٹر بم کی فراہمی کی منظوری دے دی۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یوکرین کو پہلی بار کلسٹر بم فراہم کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا نے روس کی یوکرین پر یلغار پر یہ قدم اٹھایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یوکرین کو گولہ بارود کی کمی کا سامنا ہے، 800 ملین ڈالر کے فوجی پیکج سے یوکرین کو نفسیاتی برتری حاصل ہوگی، نیز یوکرین کو دیے گئے کلسٹر بم کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوں گے۔

امریکا نے اپنے کیمیائی ہتھیاروں کا آخری ذخیرہ بھی تلف کر دیا

روئٹرز کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کے گروپوں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یوکرین کو کلسٹر بموں کی فراہمی کے بارے میں واشنگٹن کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ کلسٹر بم 100 سے زیادہ ممالک میں ممنوع ہیں، تاہم روس، یوکرین اور امریکا نے اس کے کنونشن پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ کلسٹر بم ایک وسیع علاقے میں بڑی تعداد میں فائر کیے جاتے ہیں جو جنگ کے دوران اور طویل عرصے بعد شہریوں کے لیے ایک بڑا خطرہ بنے رہتے ہیں کیوں کہ کچھ بم پھٹنے میں ناکام ہو جاتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -