ابوظہبی: متحدہ عرب امارات حکام نے کہا ہے کہ چین اور یو اے ای تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کو فروغ دیں گے، یو اے ای چین سے مضبوط تعلقات پر فخر کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے متحدہ عرب امارات کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا جس کا آج آخری روز تھا، اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر کے اس دورے کے اختتام پر یو اے ای حکام نے کہا ہے کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، تمام شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق بھی کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کا کہنا تھا کہ دونوں ملک جامع اسٹریٹیجک پارٹنرشپ قائم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں، جس پر عمل درآمد بھی جلد شروع ہوجائے گا۔
چینی صدر کے دورہ یو اے ای پر اہم پیش رفت، تیرہ معاہدوں پر دستخط
دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک سیاست، اقتصادیات، تیل و گیس اور سلامتی کے امور میں وسیع تعاون کو بھی فروغ دیں گے۔
خیال رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ متحدہ عرب امارات پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تیرہ معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی بار چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے، اس موقع پر سول و عسکری قیادت نے چینی صدر کا بھرپور استقبال کیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔