10.8 C
Dublin
منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

برطانیہ : تارکین وطن کی بے دخلی کا منصوبہ غیر قانونی قرار

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : برطانوی سپریم کورٹ نے برطانوی حکومت کا سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو روانڈا بھیجنے کا منصوبہ غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روانڈا کو محفوظ ملک تصور نہیں کیا جا سکتا۔

برطانیہ کی اعلیٰ ترین عدالت کا یہ فیصلہ وزیراعظم رشی سونک کی امیگریشن پالیسی کے لیے دھچکا ہے جو انہوں نے کشتیوں سے برطانیہ پہنچنے والے افراد کے لیے متعارف کرائی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے ہائیکورٹ کے اآس فیصلے کو برقرار رکھا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ روانڈا کو محفوظ ملک تصور نہیں کیا جاسکتا تو وہاں تارکین وطن کو بھیجنا غیرقانونی ہوگا، عدالت نے کہا کہ تمام تر شواہد کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

- Advertisement -

دوسری جانب وزیراعظم رشی سونک نے کہا کہ یہ فیصلہ نہیں جو ہم چاہتے تھے مگر اب اس حوالے سے دیگر اقدامات پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم نے تمام تر امکانی صورتحال کی منصوبہ بندی کی ہے اور ہم ان غیر قانونی تارکین وطن کی کشتیوں کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ ان کی آمد روکنے کی ضرورت ہے اور ہم ایسا ہر ممکن طریقے سے کریں گے۔

یاد رہے کہ اپریل 2022 میں برطانیہ اور روانڈا نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت برطانوی حکومت کشتیوں کے ذریعے آنے والے تارکین وطن کو مشرقی افریقی ملک بھیج سکتی تھی، جہاں ان کے سیاسی پناہ کی درخواستوں کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جاتا اور جن افراد کی درخواست قبول کرلی جاتی انہیں برطانیہ کی بجائے روانڈا میں رہنا پڑتا۔

مگر جون 2022 میں اس منصوبے پر عملدرآمد انسانی حقوق کی یورپی عدالت کی مداخلت کی وجہ سے روک لیا گیا، یہ معاملہ گزشتہ 17 ماہ سے عدالتوں میں زیرسماعت تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں