جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

’عمر شریف نے مجھے دیکھا تو دیکھتے ہی رہ گئے‘

اشتہار

حیرت انگیز

مرحوم اداکار عمر شریف کی اہلیہ و اداکارہ زرین غزل نے بتایا ہے کہ ان کی شوہر سے ملاقات اور محبت کس طرح ہوئی تھی۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں زرین غزل نے شرکت کی اور نجی و پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔

زرین غزل نے بتایا کہ ہم پانچ بہنیں ہیں، والد کے انتقال کے بعد تھیٹر میں اداکاری کی تو بہت زیادہ ڈراموں کی آفر ہونے لگی، میں نے کہا کہ آمدنی بڑھائی جائے تو کہا گیا کہ آمدنی اس اداکار کی بڑھتی ہے جو عمر شریف کے ساتھ ڈرامے میں کام کرتا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ میں نے پوچھا کیوں؟ تو کہا گیا کہ جب آپ اسٹیج پر عمر شریف کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو پبلک کی ڈیمانڈ بن جاتے ہیں کہ عمر شریف کے ساتھ اس اداکارہ نے کام کیا ہے۔

زرین غزل نے کہا کہ میں نے سوچ لیا کہ عمر شریف کے ساتھ اداکاری کرنی ہے لیکن وہ 1992 میں لاہور جاچکے تھے وہاں ان کا تھیٹر تھا مگر عمر شریف نے کراچی کے شہریوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ عید کا ڈرامہ کرنے کے لیے کراچی آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف تھیٹر کے لیے پہلے سے اپنی ٹیم کا بتادیتے تھے کہ یہ اداکار تھیٹر میں ساتھ ہوں گے کیونکہ ان کے ساتھ ہر اداکار پرفارم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تھا۔

زرین غزل نے بتایا کہ عمر کے ساتھ میرا پہلا ڈرامہ ’ماموں مذاق مت کرو‘ تھا، ڈرامے سے قبل پریس کانفرنس ہوئی تو عمر شریف نے مجھے دیکھا تو دیکھتے ہی رہ گئے پھر اداکاروں نے مجھے ان سے ملایا اور بتایا کہ یہ نئی اداکارہ ہیں تو وہ کہنے لگے ٹھیک ہے دیکھ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمر شریف ہر ڈرامے میں کہتے تھے تمہاری شادی تو مجھ سے ہی ہوگی اور میں مسکرا رہی ہوتی تھی اور عمر آخر میں عوام سے پوچھتے تھے کہ بتاؤ جوڑی کیسی لگ رہی ہے۔

زرین غزل نے بتایا کہ مجھے یہ لگتا تھا کہ وہ مذاق کررہے ہیں لیکن جب ہم ڈرامہ کرنے اسلام آباد گئے تو وہ پہلے مزار پر گئے وہاں انہوں نے مجھ سے کہا کہ مجھے تم سے شادی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے عمر شریف سے سوچنے کے لیے وقت مانگا پھر وہ عمرے کی ادائیگی کے لیے چلے گئے وہاں سے ان کا فون آیا اور کہنے لگے میں کعبہ شریف کے سامنے کھڑا ہوں، یہاں کھڑے ہوکر کہہ رہا ہوں کہ میں تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں آج ہاں یا ناں کہہ دو۔‘

زرین غزل نے کہا کہ وہ وقت ایسا تھا کہ مجھے لگا کہ یہ عمر شریف نہیں، میں نہیں یہ اللہ کا ہی فیصلہ ہے اور میں منع نہ کرسکی پھر ہماری شادی ہوگئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں