جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

ویڈیو: گھمبیر نے پاکستان میں ٹیپ بال کرکٹ جنون کا آنکھوں دیکھا حال بتادیا!

اشتہار

حیرت انگیز

سابق بھارتی اوپنر گوتم گھمبیر نے پاکستان میں ٹیپ بال کرکٹ کے جنون کا آنکھوں دیکھا حال بتا دیا، ان کا کہنا تھا کہ لوگ ہمارے میچ کو چھوڑ کر ٹیپ بال میچ دیکھ رہے تھے۔

اسپورٹس پروگرام کے دوران دورہ پاکستان کی یادیں تازہ کرتے ہوئے گوتم نے بتایا کہ سچن ٹنڈولکر اور راہول ڈریوڈ پاکستان اے کے خلاف میچ کھیل رہے تھے اور لوگ اس میچ کو چھوڑ کر ٹیپ بال کرکٹ میچ دیکھ رہے تھے۔

سابق بھارتی بیٹر کا کہنا تھا کہ میں بہت سارے ٹورز پر گیا ہوں مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان سے بہتر ہماری میزبانی کہیں کی گئی ہے، میرے خیال میں ہمیں کسی اور ٹور پر اس سے بہتر میزبانی نہیں ملی ہوگی۔

- Advertisement -

اس موقع پر میزبان بھی کرکٹر کی بات سے متفق نظر آئے اور کہا کہ میزبانی تو واقعی بہت اعلیٰ ہوتی ہے پاکستان کی۔

گوتم نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ رات گئے ہماری دہلی سے لاہور کے لیے فلائٹ تھی، 20 یا 25 منٹ کی فلائٹ کے بعد ہم لاہور پہنچ گئے تھے۔ وہاں فائیو اسٹار ہوٹل میں ہم ٹھہرے تھے۔

ایک دن بعد ہمارا باغ جناح میں پاکستان اے کے ساتھ میچ تھا۔ وہاں سردیوں کا موسم تھا صبح ہم جب میچ کھیلنے گئے تو چاروں طرف اوس گری ہوئی تھی اور گراؤنڈ سارا سفید نظر آرہا تھا۔

باغ جناح میں پاکستان اے کے خلاف پوری انڈین ٹیم کھیل رہی تھی۔ تاہم گراؤنڈ کے باہر پٹھانی سوٹ میں لوگ ٹیپ بال سے کرکٹ کھیل رہے تھے اور اس ٹیپ بال کے کرکٹ میچ کو دیکھنے کے لیے ہمارے میچ سے زیادہ لوگ موجود تھے۔

انھوں نے کہا اس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ پاکستان میں ٹیپ بال کرکٹ کا کتنا جنون ہے۔ میں باؤنڈری پر فیلڈنگ کررہا تھا ایک طرف یوراج تھا ہم یہ بات کررہے تھے کہ ہمارا میچ ہورہا ہے۔ یہاں سچن ٹنڈولکر راہول ڈریوڈ اور ہم سب کھیل رہے ہیں۔

ہمارے میچ کو پانچ سو لوگ دیکھ رہے ہیں تو باہر پندرہ سو لوگ ٹیپ بال کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے موجود ہیں تو اندازہ کریں کہ اس وقت 2006 میں پاکستان میں ٹیپ بال کرکٹ کا کتنا جنون تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں