ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش اپنی جعلی ویڈیو پر خاموشی توڑتے ہوئے مداحوں کو خبردار کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ودیا بالن نے جعلی ویڈیو پر بیان جاری کیا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ ویڈیو کلپ سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ اس وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ پر ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں مجھے دکھایا گیا ہے، میں واضح کر دوں کہ ویڈیو اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ اور جعلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چھ ماہ تک آئینے میں اپنا چہرہ نہیں دیکھا، ودیا بالن کا انکشاف
انہوں نے مزید کہا کہ میرا اس کی تخلیق یا پھیلاؤ میں کوئی عمل دخل نہیں اور نہ ہی میں کسی بھی طرح سے اس کے مواد کی توثیق کرتی ہوں، ویڈیو میں کیے گئے کسی بھی دعوے کو مجھ سے منسوب نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ میرے خیالات یا کام کی عکاسی نہیں کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں گزارش کرتی ہوں کہ شیئر کرنے سے پہلے معلومات کی تصدیق کریں اور اے آئی سے تیار کردہ گمراہ کن مواد سے محتاط رہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں بہت سی بالی وڈ شخصیات ڈیپ فیکس کا نشانہ بن چکی ہیں جن میں رشمیکا مندانا، عالیہ بھٹ، دپیکا پڈوکون، کترینہ کیف، عامر خان اور رنویر سنگھ شامل ہیں۔
ودیا کو حال ہی میں رومانوی کامیڈی فلم ’دو اور دو پیار‘ میں دیکھا گیا جس میں پراتک گاندھی بھی نظر آئے، فلم کی ہدایت کاری شرشا گوہا ٹھاکرتا نے کی۔
علاوہ ازیں، وہ ’بھول بھولیاں 3‘ میں کارتک آریان، مادھوری ڈکشٹ اور ترپتی ڈمری کے ساتھ بھی نظر آئیں، یہ فلم گزشتہ سال دیوالی پر ریلیز کی گئی اور باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔