چین کے چڑیا گھر میں گوریلا کی سگریٹ پینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
چین کے شہر گوانگسی میں ناننگ چڑیا گھر کے ایک کونے میں بیٹح کر گوریلا کو سگریٹ پیتا دیکھا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ناننگ چڑیا گھر کے عملے نے واقعے پر ردعل دیتے ہوئے کہا کہ وہ وائرل ویڈیو سے آگاہ ہیں اور معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
عملہ جانچ کررہا ہے کہ کسی ملاقاتی نے سگریٹ کا پیکٹ جان بوجھ کر دیوار میں پھینکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر کے اندر نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے جانوروں کے تحفظ کے بارے میں سیاحوں میں آگاہی پیدا کرے گا۔
مزید برآں عملے نے مہمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے دوروں کے دوران ذمہ داری سے برتاؤ کریں اور ممکنہ نقصان کو روکنے کے لیے جانوروں کو کھانا کھلانے یا پھینکنے سے گریز کریں۔
اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر ایک پیج کے ذریعے پوسٹ کیا گیا جس کے عنوان میں لکھا گیا تھا کہ یہ گوریلا چینی چڑیا گھر میں سگریٹ پیتے ہوئے پکڑا گیا۔
ویڈیو میں گوریلا کو کمال مہارت سے سگریٹ سنبھالتے، دھواں چھوڑنے سے پہلے گہرا کش لیتے ہوئے اور ختم کرنے کے بعد سگریٹ کو اچھی طرح سے بجھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو نےصارفین کی طرف سے نمایاں ردعمل حاصل کیا۔ ایک صارف نے سوال کیا کہ اسے سگریٹ کس نے پلایا؟ دوسرے صارف نے لکھا کہ ’گوریلا غم مٹا رہا ہے۔‘