بچے قوم کا مستقبل اور مسجد جانے والے بچے مستقبل کے نمازی کہے جاتے ہیں ان بچوں کے ساتھ ایک امام مسجد بچہ بن گئے۔
بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ ابتدا ہی سے دین سے لگاؤ رکھنے والے مساجد جانے والے بچے مستقبل کے نمازی کہے جاتے ہیں اور ترکیہ میں تو مستقبل کے ان نمازیوں (بچوں) کی مساجد میں خوب آؤ بھگت کی جاتی ہے۔
سوشل میڈیا پر ترکی کی ایک مسجد کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں امام مسجد کو بچوں کے ساتھ کھیل کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو دیکھ کر لگتا ہے کہ امام مسجد خود بچہ بن گئے اور انہوں نے بچوں کے ساتھ چھپن چھپائی اور چور پکڑائی جیسے کھیل کھیل کر ان کا دل بہلایا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے امام مسجد ستون کے ساتھ آنکھیں بند کرکے کھڑے ہوتے ہیں بچے چھپتے ہیں تو یہ انہیں تلاش کرتے ہیں۔
کچھ دیر بعد گیم کا موڈ تبدیل ہوتا ہے اور چور پکڑائی کھیل میں آگے دوڑتے پیش امام کو پکڑنے کے لیے بچے انکے پیچھے بھاگتے ہیں۔
کھیل کے دوران مسرور بچوں کی کلکاریاں گونج رہی ہیں اور پیش امام بھی بچوں کی خوشی میں خوش دیکھے جا رہے ہیں۔
اس خوبصورت ویڈیو کو اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں اور پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے بچوں میں مسجد سے محبت پیدا کرنے کے لیے امام مسجد کے بچوں سے گھل مل کر کھیلنے کو سراہ رہے اور دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں چھوٹے بچوں کو مسجد کی طرف رغبت دلانے کے لیے اس طرح کی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے۔
چند سال قبل ترکیہ کی ایک مسجد میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ایک مسجد میں 5 سے 8 سال تک کی عمر کے بچوں کو اعتکاف کرایا گیا تھا اور اس ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر دھوم مچائی تھی۔
اس اقدام کا مقصد بچوں میں اعتکاف کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان میں عبادت کا ذوق وشوق پیدا کرنا تھا۔